بنگلورو:3؍اپریل(ایس او نیوز) ڈیوٹی کا وقت صبح 10؍بجے مقرر رہنے کے باوجود 11:30؍بجے تک 50؍فیصد ملازمین دفاتر میں موجود نہ رہنے پر میئر جی پدماوتی نے بروہت بنگلور مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) صدر دفتر میں موجود مختلف شعبوں کے افسران اور ملازمین پر اپنی ناراضی کااظہار کیا۔ آج صبح ڈپٹی میئر آنند کے ہمراہ انہوں نے بی بی ایم پی صدر دفتر میں موجود مختلف شعبہ جات کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا اور دفاتر کو تاخیر سے پہنچنے کا پتا لگایا۔ صبح 11؍بجے بی بی ایم پی صدر دفتر میں موجود شعبہ مالیات کے اسپیشل کمشنر دفتر، چیف اکاؤنٹس افسر دفتر، جائیداد شعبہ کے جوائنٹ کمشنر دفتر، شعبہ محصولات کے جوائنٹ کمشنر دفتر اور ٹی اے سی سی دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ ان کے دورہ کے دوران دفاتر خالی خالی نظر آئے۔ 11:30؍بجے کا وقت ہونے کے باوجود مذکورہ دفاتر میں 50؍فیصد افسران اور ملازمین ڈیوٹی پر حاضری نہیں دے پائے تھے۔ اس کو دیکھ کر میئر نے تمام شعبہ جات کے حاضری رجسٹر کو اپنے قبضہ میں لے کر وقت پر ڈیوٹی پر نہ پہنچنے والے افسران اور ملازمین کی نشاندہی کی اور انہیں آدھے دن کی تنخواہ کاٹ کر چھٹی پر بھیج دینے کے لئے افسران کو ہدایت دی۔ اس کے علاوہ میئر نے سخت رویہ اپناتے ہوئے غیرحاضر رہنے والے ملازمین کو فوری وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔ میئر نے افسران اور ملازمین سے کہاکہ وہ دوبارہ اچانک دورہ کب کریں گے اس کا علم انہیں خود نہیں ہے۔ اس وقت اگر دوبارہ اسی طرح کا ماحول رہا تو ایسے افسران اور ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا بھی انتباہ دیا۔ اس موقع پر میئر پدماوتی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ ملازمین ٹھیک وقت پر اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے مقصد سے بی بی ایم پی صدر دفتر میں 5؍بائیو میٹرک مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ لیکن ان میں صرف ایک ہی مشین کام کررہی ہے۔ بقیہ چاروں مشینیں بند ہڑی ہیں۔ انہیں فوری مرمت کرنے کے لئے افسران کو حکم دیاہے۔ تاکہ ملازمین کے دفاتر پہنچنے کے وقت کا پتا لگایا جاسکے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈیوٹی پرحاضر رہنے کے باوجود بائیو میٹرک مشینوں کو استعمال نہیں کیاگیا تو ایسے ملازم کو غیر حاضر ہی سمجھا جائے گا۔ معائنہ کے دوران میئر نے دفاتر کی حالت کو دیکھ کر افسران اور ملازمین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ عوام کی خدمت کے لئے انہیں سرکاری ملازمت دی گئی ہے۔ عوامی مسائل کو لے کر دفاتر پہنچنے والے افراد کو دفاتر کی حالت دیکھ کر افسوس کا اظہار کرنا پڑتاہے۔ دفاتر کو ٹھیک طرح سے پاک وصاف رکھنے اور عوام کے ساتھ دوستانہ ماحول میں خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آنے کی تاکید کی۔ میئر نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت اپنی ڈیوٹی انجام دیں۔ ڈیوٹی میں لاپروائی اور بے توجہی کا پتا لگنے پر ایسے ملازمین اور افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی بھی وارننگ دی۔ میئر نے کہاکہ بی بی ایم پی ملازمین اور افسران پر کڑی نظر رکھنے کے لئے اسٹاف وانتظامیہ سدھار اسٹینڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی کے چیرمین اپنے دیگر اراکین کے ہمراہ ایک یا دوہفتہ میں ایک مرتبہ بی بی ایم پی کے آٹھوں زون کا دورہ کرتے ہوئے یہاں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا کرتے تھے۔ لیکن افسوس کہ موجودہ چیرمین چندرپا ریڈی اپنا عہدہ حاصل کئے 6؍ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک ایک مرتبہ بھی بی بی ایم پی زونس کے دفاتر کا دورہ نہیں کیا ہے جس پر افسوس کا انہوں نے اظہار کیا۔